حق بجانب ہو گر دعا کا رخ پھیر دیتا ہے وہ قضا کا رخ ہر عمل منحصر ہے نیت پر حکم ہو یا ہو التجا کا رخ جس طرف چاہیے کیجئیے سجدہ...
حق بجانب ہو گر دعا کا رخ
پھیر دیتا ہے وہ قضا کا رخ
ہر عمل منحصر ہے نیت پر
حکم ہو یا ہو التجا کا رخ
جس طرف چاہیے کیجئیے سجدہ
ہر طرف ہے اسی خدا کا رخ
کر لیا زیر عقل کو دل نے
سر نگوں ہو گیا انا کا رخ
سر قلم کر دیا تکبر کا
سرخ رو ہو گیا گدا کا رخ
بے وفائی ہوئی ہے شرمندہ
دیکھ کر آپکی وفا کا رخ
دشت وصحرا تھا منتظر لیکن
سمت دریا ہوا گھٹا کا رخ
منجمد ہیں مسافروں کے قدم
اکھڑا اکھڑا ہے رہنما کا رخ
زندگی کے ہزار چہرے ہیں
اک ہے ارشد مگر قضا کا رخ
محمد ارشد خان رضوی فیروزآبادی
شعبہ اردو سینٹ جانس کالج آگرہ
مکان نمبر 41، گلی نمبر 8 ،کشمیری گیٹ فیروزآباد 283203
یو. پی. انڈیا