علی گڑھ، 3/اکتوبر: گاندھی جینتی پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ شعبہئ فلسفہ کی...
علی گڑھ، 3/اکتوبر: گاندھی جینتی پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
شعبہئ فلسفہ کی جانب سے منعقدہ آن لائن مضمون نویسی مقابلہ میں مسٹر راجن (ریسرچ اسکالر، بی ایچ یو) نے پندرہ سو روپئے کا پہلا انعام جیتا جب کہ فردوس ا
ے چودھری (بی اے، اے ایم یو) نے دوئم اور انجلی رجک (بی اے، پریسیڈنسی یونیورسٹی، مغربی بنگال) نے سوئم انعام حاصل کیا۔ دونوں کو بطور انعام بالترتیب ایک ہزار اور پانچ سو روپئے دئے گئے۔
صدر شعبہ پروفیسر لطیف حسین ایس کاظمی نے بتایا کہ پوسٹر سازی مقابلہ میں اننیا راوت (درجہ ششم، ڈی اے وی پبلک اسکول، بھونیشور) نے اوّل انعام کے طور پر پندرہ سو روپئے، شہناز بیگم (بی اے ایل ایل بی، اے ایم یو مرشدآباد سنٹر) نے دوئم انعام کے طور پر ایک ہزار روپئے اور الیزا فاروقی (درجہ پنجم، ڈی پی ایس، علی گڑھ) نے سوئم انعام کے طور پر پانچ سو روپئے حاصل کئے۔ کنوینر مسٹر شاہد الحق نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی۔
اے ایم یو کے فاصلاتی تعلیم مرکز نے دو روزہ یادگاری پروگرام کے تحت پہلے روز مہاتما گاندھی کی زندگی، خدمات اور فلسفہ پر ایک دستاویزی فلم دکھائی اور دوسرے دن ایک آن لائن کوئز کا اہتمام کیا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔
مرکز کے ڈائرکٹر پروفیسر نفیس احمد انصاری نے کہاکہ دستاویزی فلم کی نمائش کا مقصد گاندھی جی کے فلسفہ اور تعلیمات پر غور کرنا اور ان کی افادیت کو سامنے لانا تھا۔ نمائش کے بعد مذاکرہ بھی ہوا۔ کوئز میں پچاس فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے شرکاء کو ای- سرٹیفیکٹ دئے گئے۔
دوسری طرف تشریح و منافع الاعضاء شعبہ کی جانب سے ایک ہفتہ کے آن لائن فلم فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر عائشہ اعجاز (اسسٹنٹ پروفیسر و کنوینر) نے بتایا کہ فیسٹیول میں کئی دستاویزی فلموں کی نمائش کی گئی جس میں ’مہاتما گاندھی کی کہانی: دی مین آف ملینیئم‘ اور دیگر فلمیں شامل تھیں۔
اے ایم یو سٹی گرلس ہائی اسکول میں پرنسپل ڈاکٹر عالمگیر نے گاندھی جی کی زندگی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاتما گاندھی نے اہنسا کے ذریعہ ملک کو آزادی دلانے میں اہم رول نبھایا۔ انھوں نے ڈانڈی مارچ، سودیشی تحریک سمیت جنگ آزادی کے دوران مہاتما گاندھی کی دیگر تحریکات اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو بھی یاد کیا گیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔