علی گڑھ، 16/دسمبر: ”قومی یوم توانائی تحفظ“ کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے استاد اور الیکٹریسٹی...
علی گڑھ، 16/دسمبر: ”قومی یوم توانائی تحفظ“ کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے استاد اور الیکٹریسٹی شعبہ کے ممبر انچارج پروفیسر محمد ریحان نے نارتھ سینٹرل ریلوے کے بجلی شعبہ اور انسٹی ٹیوشن آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی (یوکے) کی دہلی شاخ کی دعوت پر توانائی کے تحفظ اور بجلی توانائی نظام میں کاربن اخراج کو کم کرنے کے موضوع پر آن لائن خطبات پیش کئے۔
پروفیسر ریحان نے کہاکہ ماحولیات اور آب و ہوا کے تعلق سے توانائی کا تحفظ بہت اہمیت کا حامل موضوع ہے۔ ایک طرف جہاں ہمیں اپنی توانائی کی ضروریات کو گرین اِنرجی وسائل کی طرف منتقل کرنا ہے تو دوسری طرف توانائی وسائل کے زیاں کو بھی روکنا ہوگا۔ گرِڈ سے مربوط سولر پاور پلانٹوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پروفیسر ریحان ن
ے کہاکہ روشنی، گرمی اور ٹھنڈی کے لئے مشینی آلات کو ایسا بنانا ہوگا کہ توانائی کی کھپت کم ہو اور کاربن کا اخرج بھی کم ہو۔ انھوں نے اے ایم یو میں شروع کئے گئے مختلف پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عوامی سطح پر بیداری کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگ ماحولیات دوست طریقوں کو اپنائیں۔
نارتھ سنٹرل ریلوے کے پروگرام میں پرنسپل چیف الیکٹریکل انجینئر مسٹر ستیش کوٹھاری بطور مہمان خصوصی موجود تھے، جب کہ چیف الیکٹریکل انجینئر مسٹر انوراگ گپتا پروگرام کے منتظم تھے۔ انسٹی ٹیوشن آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی (یوکے) دنیا کی معروف پیشہ ورانہ تنظیم ہے جس کے ممبران کی تعداد 168000 سے متجاوز ہے۔ اس کے تحت پروگرام کا اہتمام مسٹر آر این راجپوت (چیف پروجیکٹ منیجر، آر ای/آر وی این ایل، نئی دہلی) نے کیا تھا۔
دوسری طرف اے ایم یو کے عبداللہ اسکول نے ”قومی یوم توانائی تحفظ“ کی مناسبت سے آن لائن پوسٹر سازی، کارڈ سازی اور مضمون نویسی مقابلوں کا اہتمام کیا۔ اسکول سپرنٹنڈنٹ عمرہ ظہیر نے بتایا کہ اس موقع پر توانائی کے تحفظ کا حلف بھی لیا گیا۔