جمعیۃعلماء کی قومی و ملی سرگرمیوں میں مزید استحکام کے لئے دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا. یمنانگر/جالندھر 18جن...
جمعیۃعلماء کی قومی و ملی سرگرمیوں میں مزید استحکام کے لئے دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا.
یمنانگر/جالندھر 18جنوری (مظہرعالم مظاہری) جمعیۃ علماء شمالی ہریانہ پنجاب ہماچل و چنڈی گڑھ کے صوبائی دفتر دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر ہریانہ میں جمعیۃعلماء کی قومی و ملی سرگرمیوں میں مزید استحکام کے لئے ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمود اسعد مدنی نے شرکت کی.
اس اجلاس کی صدارت محسن ملت حضرت مولانا علی حسن مظاہری ناظم اعلی جمعیۃ علماء شمالی ہریانہ پنجاب ہماچل و چنڈی گڑھ نے کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے ذمہ داران جمعیۃ نے خاص طور پر شرکت کی ،مہمان خصوصی حضرت مولانا سید محمود مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام نے ہمیں دوسری اقوام سے الگ ضرور کیا ہے لیکن ان سے نفرت نہیں سکھائی ہے ،بھلائی اور خیرسگالی کا جذبہ ہونا چاہئے ،اس لئے برادران وطن کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے جائیں تاکہ ملک میں ہم آہنگی کا ماحول ہو اور ملک میں منافرت کا ماحول ختم ہو اور ملک ترقی کے راستے پر چل سکے،
مولانا مدنی نے بڑے زور دار انداز میں یہ بات کہی کہ سب سے ضروری بات یہ ہے کہ اگلی نسلوں کے دین و ایمان کے تحفظ کا انتظام کیا جائے اور اس کے لئے مکاتب دینیہ اور دینی مزاج سے ہم آہنگ نرسری اسکول قائم کئے جائیں ،مولانا نے کہا کہ پچھلے ستر سالوں سے ملک کے حالات اتنے خراب نہیں تھے جتنے کہ اس وقت ہیں اس لئے جمعیۃ علماء ہند کی یہ کوشش ہے کہ ایسے رجال کار تیار ہوں جو ملک کی سالمیت اور اس کے استحکام کے لئے میدان میں آئیں ،مولانا نے یہ بھی کہا کہ ہماری لڑائی صرف ملت کے لئے نہیں ہے بلکہ ملک کی سالمیت کے لئے ہے ،کوئی بھی مسلم طبقہ اس وقت تک خوشحال نہیں ہوسکتا جب تک ملک کے مظلومین کی فکر نہ ہو اور ان کے ساتھ شرعی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے اشتراکِ عمل نہ ہو۔مولانا نے کہا کہ کسی بھی مہتم بالشان کام کے لئے اجتماعیت ضروری ہے اسی کے لئے اس وقت پورے ملک میں جمعیۃ علماء ہند کی ممبر سازی مہم جاری ہے اس میں قومی و ملی ذمہ داری سمجھتے ہوئے حصہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
اس مشاورتی اجلاس کی کارروائی جمعیۃ علماء شمالی ہریانہ پنجاب ہماچل و چنڈی گڑھ کے آفس سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے چلائی ،مشاورتی اجلاس کے اختتام پر صدر اجلاس مولانا علی حسن مظاہری نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ،حافظ محمد احمد رشیدی معاون ناظم دارالعلوم امدادیہ گڑھی ،حافظ محمد تعریف منڈی،قاری منتظر وغیرہ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور ان کی ضیافت کی ،اس اہم مشاورتی اجلاس میں حافظ محمد یامین یمنا نگر،حافظ مطلوب حسن نرائن گڑھ ،قاری محمد انس ضلع سنگرور،قاری فرقان ضلع سنگرور،قاری عرفان ،قاری محمد صادق سنگرور،قاری ذاکر کے ساتھ پنجاب کے دیگر اضلاع کا پورا ایک وفد شریک رہا۔مولانا سید محموداسعد مدنی کی دعا پر اس مشاورتی اجلاس کا اختتام ہوا۔