سرکاری گواہ نے ملزم کرنل پروہت اور اس کی آواز کی شناخت کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ممبئی 8 فروری مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ میں...
سرکاری گواہ نے ملزم کرنل پروہت اور اس کی آواز کی شناخت کی
ممبئی 8 فروری
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ میں آج گواہ نمبر 158 کی خصوصی این آئی اے عدالت میں گواہی عمل میں آئی جس کے دوران گواہ نے عدالت کو بتایا کہ سال2009 میں اسے اے ٹی ایس افسران آرتھرروڈ جیل میں لیکر گئے تھے جہاں ملزم کرنل پروہت کی آواز کے نمونے کا پنچ نامہ کیا گیا تھا، آج سرکاری گواہ نے عدالت میں ملزم کرنل پروہت کی شناخت کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی آواز کی بھی تصدیق کی جسے عدالت میں ٹیپ ریکارڈ ر کے ذریعہ سنایا گیا۔
وکیل استغاثہ اویناس رسال کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرکاری گواہ نے خصوصی این آئی اے جج پی آر سٹرے کو بتایا کہ اے ٹی ایس کے افسرا ن نے اس سے اور دیگر شخص سے پنچ بننے کی درخواست کی تھی جسے انہوں نے قبول کرلیا تھا جس کے بعد دنوں کو آرتھر روڈ جیل کے اندر جا یا گیا جہاں ملزم کرنل پروہت قید تھا۔
سرکاری گواہ نے ملزم کرنل پروہت کی آواز کانمونہ جس کیسٹ میں ریکارڈ کیا گیا تھا اس کی شناخت بھی کی اور بعد میں جب کیسٹ کو ٹیپ ریکارڈ میں بجایا گیا تو آواز کی تصدیق بھی کی۔ سرکاری گواہ نے اوریجنل پنچ نامہ پر موجود اس کی اور اس کے ساتھی پنچ کی دستخط کی شناخت بھی کی۔
کیسٹ بجانے کے وقت خصوصی جج نے دفاعی وکلاء ایڈوکیٹ جے پی مشرا، ایڈوکیٹ جیسوال، سرکاری وکیل اویناس رسال اور مداخلت کار کے وکیل شاہد ندیم کے علاوہ سب کو عدالت سے باہر چلے جانے کو کہا اور پھر بند کمرے میں کیسٹ کو بجایا گیا جس میں کرنل پروہت کو کسی شخص سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا جس میں وہ بندوق اور دیگر چیزوں کے متعلق گفتگو کررہا تھا۔
واضح رہے کہ استغاثہ کا دعوی ہیکہ ملزم کرنل پروہت کسی نامعلوم شخص سے ہتھیاروں بالخصوص AK47 بندوق کے تعلق سے گفتگو کررہا تھا۔
ملزم کرنل پروہت کے وکیل شریکانت شیودے کی عدم دستیابی کی وجہ سے عدالت نے گواہ سے جرح کرنے کے لیئے سماعت ملتوی کردی۔
آج عدالت میں ملزم سمیر کلکرنی اور کرنل پروہت حاضر تھے جبکہ بقیہ ملزمین کی غیر حاضری کا اجازت نامہ ان کے وکلاء نے عدالت سے حاصل کیا تھا۔
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ میں گواہوں کے بیانات کا اندراج کررہی ہے، ابتک 158 گواہوں کی گواہی عمل میں ا ٓچکی ہے اور عدالتی کارروائی روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کل یعنی کے 9 فروری کو ممبئی ہائی کورٹ میں کرنل پروہت کی جانب سے اسے مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی عرضداشت پر سماعت ہوسکتی ہے جس میں جمعیۃ علماء نے بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے مداخلت کار کی عرضداشت داخل کی ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ میں بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے سابق ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا بی اے دیسائی (سینئر ایڈوکیٹ)پیش ہونگے۔