علی گڑھ، 4/فروری: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کا نیٹ امتحان ایک سخت مقابلہ جاتی امتحان سمجھا جاتا ہے جس میں کامیابی آسانی سے نہیں حاصل ہوتی۔ تاہم...
علی گڑھ، 4/فروری: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کا نیٹ امتحان ایک سخت مقابلہ جاتی امتحان سمجھا جاتا ہے جس میں کامیابی آسانی سے نہیں حاصل ہوتی۔ تاہم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم ڈاکٹر سندیپ شینڈیلیا نے 6/الگ الگ موضوعات میں نیٹ امتحان پاس کیا ہے۔ انھوں نے مینجمنٹ، کامرس، اکنامکس، پاپولیشن اسٹڈیز، ہیومن ریسورس مینجمنٹ
اور ایجوکیشن میں نیٹ امتحان پاس کیا۔ اس کے علاوہ کامرس میں یوپی سلیٹ بھی پاس کیا ہے۔
6/مختلف مضامین میں نیٹ امتحان پاس کرنا ڈاکٹر سندیپ شینڈیلیا کی محنت و لگن اور صلاحیت کا مظہر ہے جس کا اعتراف کیا جانا چاہئے تھا لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کا ریکارڈ منظر عام پر نہیں آسکا اور انھیں خاطر خواہ شناخت نہیں مل سکی۔
ڈاکٹر سندیپ کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کانپور کے ایک شخص کے بارے میں اخباروں میں یہ بات شائع ہوئی ہے کہ انھوں نے 6دفعہ نیٹ کوالیفائی کیا ہے، حالانکہ یہ کارنامہ ڈاکٹر سندیپ کافی پہلے انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر سندیپ نے کہا ”میرا حوصلہ مضبوط ہے۔ دنیا چاہے میری حصولیابیوں کا اعتراف نہ کرے لیکن میرے لئے یہ راحت و اطمینان کی بات ہے کہ میری مادرِ علمی، میرے اساتذہ اور میرے والدین میرے ساتھ کھڑے ہیں اور میرا ساتھ دیتے ہیں“۔
ڈاکٹر سندیپ اے ایم یو کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی میں مستقل لیکچرز دینے آتے ہیں اور مقابلہ جاتی امتحان میں کامیابی کے لئے طلبہ و طالبات کی رہنمائی کرتے ہیں۔ وہ اے ایم یو ایچ آر ڈی سنٹر میں بھی ریفریشر اور اورئنٹیشن پروگراموں میں لیکچر دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا ”مجھے اے ایم یو کے طلبہ کی رہنمائی کرنے میں مسرت کا احساس ہوتا ہے۔ اے ایم یو میری مادرِ علمی ہی نہیں بلکہ علم کا وہ مندر ہے جہاں میں نے اعلیٰ تعلیم حاصل ہے۔ علم کی پیاس اور طلب کا جذبہ ان کے اندر اب بھی موجود ہے“۔ ڈاکٹر سندیپ نے کہاکہ طلبہ کے لئے مقابلہ جاتی امتحانوں میں مؤثر مطالعاتی منصوبے تیار کرانا اس کی پسند کا میدان ہے اور طلبہ و طالبات کو متحرک و مہمیز کرنا ان کے لئے ایک شوق کی طرح ہے۔ انھوں نے مقابلہ جاتی امتحانوں میں آنے والے ریاضی اور ریزننگ کے پیچیدہ سوالات کو حل کرنے کی مؤثر تکنیک تیار کی ہے۔
ڈاکٹر سندیپ نے اے ایم یو سے میکینیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک اور اس کے بعد ماسٹر آف فائننس اینڈ کنٹرول کیا۔ انھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی سے کامرس میں پی ایچ ڈی کی اور دوسری پی ایچ ڈی اکنامکس میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی آگرہ سے مکمل کی ہے۔
انھوں نے ایم کام، ایم اے (اکنامکس)، ایم اے ڈی ای، پی جی ڈی ایچ ای، پی جی ڈی ڈی ای، پی جی ڈی آئی بی او، اور سی آئی سی کے کورس بھی کئے ہیں۔ ان کا تدریسی تجربہ 23 برسوں پر محیط ہے۔ انھوں نے اے آئی ٹی ایم علی گڑھ، ڈی ایس کالج، علی گڑھ، گورنمنٹ پی جی کالج فتح آباد اور علی گڑھ کی ایک پرائیویٹ یونیورسٹی میں پڑھایا ہے۔