علی گڑھ، 15/فروری: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ میں انٹرنیشنل اورل ا...
علی گڑھ، 15/فروری: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ میں انٹرنیشنل اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجنس ڈے کے موقع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں پروفیسر سید معید احمد (صدر، شعبہ انستھیسیالوجی، جے این میڈیکل کالج) نے دل کا دورہ پڑنے پر زندگی بچانے والی لازمی تدابیر کے موضوع پر خطبہ دیا۔
پروفیسر معید احمد نے کہاکہ دل کا دورہ پڑنے پر ہنگامی صورت حال پیدا ہوتی ہے اس لئے طبی اور غیرطبی عملہ سبھی کے لئے زندگی بچانے والی ابتدائی تدابیر کی جانکاری ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے کہاکہ کارڈیو پلمونری رِسسیٹیشن (سی پی آر تکنیک) کی جانکاری لازمی طور سے طبی اور نیم طبی عملہ کو ہونی چاہئے، جس سے بہت سی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے اپنے خطبہ میں سی پی آر کے متعدد پہلوؤں کی عملی معلومات فراہم کی۔
پروفیسر معید احمد اور ان کی ٹیم میں شامل ڈاکٹر فرح نسرین، ڈاکٹر شاہنہ علی، ڈاکٹر مناظر اطہر اور ڈاکٹر معظم حسن نے مینیکن (Manikin) کے اوپر بھی ایک پرزنٹیشن دیا۔
ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کس طرح اورل اور میکزیلوفیشیئل سرجری مختلف بیماریوں اور چوٹوں اور سر، گردن، چہرے، جبڑے اور منھ و چہرے کے دیگر حصوں میں نرم وسخت ریشوں میں نقائص کو دور کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔
اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ کے سربراہ پروفیسر جی ایس ہاشمی نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا اور ٹراما، ٹیومر، ٹی ایم جے اور میکزیلو فیشیئل حصہ میں کینسر کے معاملات پر اظہار خیال کیا۔
ڈاکٹر سجاد عبدالرحمٰن نے اظہار تشکر کیا، جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عافیہ عنبرین نے انجام دئے۔