ممبئی 1/فروری مغربی مہاراشٹر کے اضلاع کولہا پور اور سانگلی کے تعلقہ جات میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی جانب سے جاری باز آباد کاری...
ممبئی 1/فروری
مغربی مہاراشٹر کے اضلاع کولہا پور اور سانگلی کے تعلقہ جات میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی جانب سے جاری باز آباد کاری (ایک سو بائیس مکانات کی از سر نو تعمیر کا کام اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔ بہت جلد مکمل کرکے مکینوں کے حوالے کردیا جائے گا۔یہ اطلاع جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے اعلیٰ سطحی وفد کے رکن مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے اپنی سروے رپورٹ کے ذریعہ دی ہے۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی کی رپورٹ کے مطابق دو سال قبل موسم باران میں مغربی مہاراشٹر میں ندیوں کی طغیانی کے سبب کافی تباہی آئی تھی،علاقے کے علاقے اس سیلاب کی زد میں آکر تہ و بالا ہوگئے تھے۔ضلع کولہا پوراور سانگلی کے تعلقہ جات سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔حالات کی نزاکت کے پیش نظر فوری طورپرمقامی جمعیۃکے اراکان نے امداد اور راحت رسانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اورپانی کی نکاسی کے بعد جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ایک وفد نے مغربی مہاراشٹر کے برباد شدہ شہروں،قصبوں اور دیہاتوں کا طوفانی دورہ کیا،اور وہاں کی تباہی و برباد ی،متاثرین کی فوری ضروریات کو ذمہ داران جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے سامنے رکھی۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے بلا تاخیر اپنی تمام ضلعی و مقامی یونٹوں کے ذمہ داران کی ایک ہنگامی میٹنگ منعقد کرکے وہاں کی صورت حال لوگوں کے سامنے رکھی،اور زیادہ سے زیادہ تعاون اور امداد کے لئے توجہ دلائی۔الحمد للہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کو امداد و باز آباد کاری کی مد میں اچھا تعاون ملا۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے حسب معمول ابتدائی ریلیف و راحت رسانی کے عمل کے بعدان متاثرین و مستحقین کی باز آبادکاری کے لئے فکر مند ہوئی،جن کے مکانات بالکل ڈھہ گئے تھے یا متاثر ہوئے تھے،اس طرح کے متاثرین کی نشاندہی کے لئے علاقہ خاندیش کے شہر مالیگاؤں اور دھولیہ سے دو وفد بھیجا گیا تھا،جس نے پورے علاقہ کا دورہ کرکے اپنی جائزہ رپورٹ پیش کی۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے ایک سو بائیس مکانات کی از سر نو تعمیر و مرمت کاکام جنگی پیمانہ پر شروع کیا ہے، جو اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔بہت جلد ان شاء اللہ مکمل کرکے مکینوں کو رہائش کے لئے ان کے حوالے کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سیلاب کی تباہ کاری کی اطلاع کے بعدسے ہی جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور اس کی ضلعی یونٹیں اپنے وسائل کے ساتھ متاثرین کو روز مرہ کے استعمال کی اشیاء خورد و نوش اورضروریات زندگی کے دیگر سامان پہونچانے میں مصروف تھیں۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے اس مؤقر وفد میں مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مفتی محمد یوسف قاسمی خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر،حافظ محمد عارف انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے،مولانا عبد القیوم قاسمی رکن عاملہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر،مشتاق احمد صوفی رکن عاملہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر اورمحمد عارف بھیونڈی شامل تھے۔