شعبہئ اردو کی فعالیت قابل تعریف: وائس چانسلر پروفیسر فاروق علی چھپرہ۔ جے پرکاش یونیورسٹی چھپرہ کے شعبہئ اردو نے اپنی تین سالہ سرگرمیوں کی ب...
شعبہئ اردو کی فعالیت قابل تعریف: وائس چانسلر پروفیسر فاروق علی
چھپرہ۔ جے پرکاش یونیورسٹی چھپرہ کے شعبہئ اردو نے اپنی تین سالہ سرگرمیوں کی بنیاد پر شعبے کے خبر نامہ کی اشاعت کی جس کا اجرا شیخ الجامعہ پروفیسر فاروق علی کے دفتر میں ان کے دست مبارک سے عمل میں آیا۔ خبرنامہ کی اشاعت پر مبارکباد دیتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفسیر فاروق علی نے شعبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ جاتی سرگرمیوں میں اس شعبے نے بہت ہی فعال کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے خبر نامہ کی رونمائی کے دوران اسے یونیورسٹی کے لئے بھی ایک نیک فال کہا اور امید ظاہر کی کہ دوسرے شعبے بھی اس قسم کی مثبت پہل کریں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر فاروق علی نے کہا کہ خبرناموں کی اشاعت کے لئے چانسلر ہاؤس سے کئی بار ہدایتیں موصول ہوئی ہیں لیکن اس سلسلے میں کسی بھی شعبہ کی جانب سے پہل نہیں کی گئی۔ انہوں نے صدر شعبہ پروفیسر ارشد مسعود ہاشمی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خبر نامہ کی اشاعت محض شعبے کے لئے نہیں، یونیورسٹی کے لئے بھی بہت ہی اہم ہے۔ یہ پہلو مزید قابل تعریف ہے کہ صدر شعبہ اور شعبے کے دوسرے استاد ڈاکٹر مظہر کبریا کی کوششوں سے اس یونیورسٹی میں پہلی بار کسی شعبے کا خبر نامہ شائع ہوا ہے۔ انہوں نے خبر نامہ کی ترتیب اور اس میں پیش کی گئیں تفصیلات کی بھی تعریف کی۔
خبر نامہ کی رونمائی کے اس موقع پر یونیورسٹی کے سبھی عہدیدار بھی موجود تھے۔